مینگلور 25 / مارچ (ایس او نیوز)قریبی علاقہ بنٹوال کے مُولرا پٹنا مسجد کو عطیہ میں دیا گیا ایک کٹھل (جیک فروٹ) کی نیلامی کے دوران ایک شخص نے اسے 4.33 لاکھ روپئے میں خرید کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔
ذرائع سے ملی خبر کے مطابق بنٹوال کی مُولراپٹنا مسجد کی تجدید کاری کے بعد افتتاح نو کے موقع پر مسجد کے لئے عطیہ میں دیا گیا جیک فروٹ نیلامی کے لئے رکھا گیا تھا جس کے دوران اس کے لئے چار لاکھ سے زائد روپوں کی بولی لگی۔
اطلاع کے مطابق افتتاح نو کے موقع پر پٹنا پورم کے مولانا سراج الدین قاسمی نے خطاب کیا اور اس کے بعد مسجد کو عطیہ میں ملی ہوئی اشیاء نیلامی کے لئے پیش کی گئیں جس میں ایک جیک فروٹ بھی موجود تھا۔ اس کے لئے جب بولی لگنی شروع ہوئی تو مقامی معزز حضرات میں سے عبدالعزیز اور عبداللطیف کے درمیان اس فروٹ کو خریدنے کے لئے مقابلہ چل پڑا اور بولی بڑھتے بڑھتے 4,33,333 روپے تک پہنچ گئی اور اس طرح عبداللطیف اسے خریدنے میں کامیاب ہوا ۔
معلوم ہوا ہے کہ جیک فروٹ کے علاوہ دیگر اشیاء کی نیلامی سے ملنے والی رقم حسب دستور مسجد انتظامیہ کمیٹی کے حوالے کی گئی ہے ۔